کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم سیریز کے اختتام تک نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ نہ ہوسکی،ٹاپ آرڈر بیٹسمین نیوزی لینڈ کےفاسٹ بولروں کی سوئنگ ہوتی ہوئی گیندوں پر پریشان رہے جبکہ ٹیل انڈرز کو فاسٹ بولروں نے بائونسرز سے مشکلات میں ڈالا ۔ دوسرے ایک روزہ میچ میں تمام بیٹسمین کیچ آئوٹ ہوئے۔دوسرے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم 12 کھلاڑیوں کیساتھ کھیل کر بھی میچ نہ جیت سکی۔ول اوریک نے حارث رئوف کے ہیلمٹ پر گیند ماری جبکہ عاکف جاوید کو بھی گیند ہیلمٹ پر لگی۔ پاکستان کی بیٹنگ کے دوران فاسٹ بولر حارث رؤف بیٹنگ کیلئے آئے تاہم باؤنسر لگنے سے کنکشن کا شکار ہوکر ریٹائر ہرٹ ہوگئے۔کنکشن رولز کے تحت نسیم شاہ نے فاسٹ بولر حارث رؤف کی جگہ بیٹنگ کی اور کیویز کیخلاف پہلے نصف سنچری بنائی اور 51 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔