• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، اقوام متحدہ کلینک پر بمباری، 71 شہید، مزید علاقوں پر قبضہ کریں گے، اسرائیل

غزہ (اے ایف پی، جنگ نیوز) اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں اقوام متحدہ کے کلینک پر بھی بم برسادیئے، مختلف علاقوں پر بمباری کے دوران 71فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ وہ اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کیلئے غزہ کے مزید علاقوں پر قبضہ کریں گے ۔شام میں دمشق ، حما اور حمص پر بھی اسرائیلی بمباری ، یمن میں امریکی فضائی حملے میں ایک شہری شہید ، غزہ سے اسرائیل پر راکٹ حملے ، اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے 15امدادی کارکنوں کی شہادت پر کہا ہے کہ وہ اس حملے پر شدید صدمے سے دوچار ہیں ۔ اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی اونرا کے سربراہ فلپ لازارینی کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے تمام حدیں بار بار پار کی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ میں اقوام متحدہ کی پناہ گاہوں میں 700 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے جبالیہ میں اونرا کے ایک کلینک پر حملے کاذکر کیا جس میں 9بچوں سمیت 22 افراد شہید ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگ میں " کھنڈرات بھی نشانہ بن چکے ہیں۔"لازارینی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا، "میں ایک بار پھر ان تمام حملوں اور سنگین خلاف ورزیوں کے حالات جاننے کے لیے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں۔ 18مارچ کے بعد سے اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 1100سے بڑھ گئی ہے ۔اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی سخت ناکہ بندی 31 ویں روز بھی جاری رہی جس کے باعث غزہ کی تمام بیکریاں - بشمول ورلڈ فوڈ پروگرام کے زیر انتظام 25 بیکریاں بند ہوگئی ہیں ۔ علاقے میں آٹے کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور لاکھوں افراد کو بھوک کا سامنا ہے ۔

اہم خبریں سے مزید