کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کا جوش اور جنون بڑھنے لگا، پاکستان کے سب سے بڑے ایونٹ کیلئے شائقین خاصے پر جوش ہیں، ٹیموں نے بھی اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ کراچی میں پی ایس ایل کی رونقیں بھرپور انداز میں شروع ہوگئی ہیں ۔ نیشنل اسٹیڈیم کے باہر سیزن 10 کا کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمر نصب کر دیا گیا ہے۔ لیگز کے آغاز میں صرف ایک ہفتہ باقی رہ گیا ہے، ٹکٹوں کی آن لائن فروخت بھی شروع ہو گئی ہے جب کہ ملک بھر میں فینز فزیکل ٹکٹس پیر سے خرید سکیں گے۔ چاروں وینیوز پر ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 650 روپے رکھی گئی ہے۔ پنڈی میں افتتاحی میچ کے ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار سے 850 روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ شائقین کا جوش بڑھانے کے لیے لاہور میں بھی سڑکیں کھلاڑیوں کے پوسٹرز سے سجا دی گئی ہیں۔ لاہور کے مین بلیوارڈ لبرٹی مارکیٹ چوک کو پی ایس ایل کی ٹیموں کے ناموں سے سجا دیا گیا ہے۔ اسی مقام پر دیوہیکل پی ایس ایل ایکس بھی سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے،11 اپریل سے 18 مئی تک 6 ٹیمیں ٹرافی کیلئے ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان، راولپنڈی کے میدانوں میں جنگ لڑکیں گی۔ ایونٹ کا فائنل 18 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔ میگا ایونٹ کیلئے ملتان سلطانز نے جمعہ سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹ میں تیاریاں شروع کردیں۔ ٹریننگ کیمپ 7 اپریل تک جاری رہے گا۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ عبد الرحمن نے کہا ہے کہ کیمپ اہمیت کا حامل ہے، اس سے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور وہ ہوم گراؤنڈ پر بہترین سہولتوں کے ساتھ پریکٹس کا فائدہ اٹھائیں گے، ملتان سلطانز اپنا پہلا میچ 12اپریل کو کراچی کنگز کے خلاف نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں مقابلہ کرے گی، ملتان سلطانز کے چار روزہ کیمپ میں 9 کھلاڑی شریک ہونگے جن میں عامر عظمت برکی، فیصل اکرم، افتخار احمد، کامران غلام، محمد حسنین، شاہد عزیز، اسامہ میر، یاسرخان اور عبید شاہ شامل ہیں، کپتان محمد رضوان سمیت دیگر11 کھلاڑی 8 اپریل کو اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ ملتان سلطانز کے سات غیرملکی کھلاڑیوں میں کرس جارڈن ، ڈیوڈ ولی ( انگلینڈ ) گوڈاکیش موٹی،جانسن چارلس، شائی ہوپ ویسٹ انڈیز، جوش لٹل ( آئرلینڈ) اور مائیکل بریسویل ( نیوزی لینڈ ) شامل ہیں۔