کراچی(اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرپاک کالونی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بھتہ وصولی اور منشیات فروشی میں ملوث لیاری گینگ وار ( عبد الصمد گروپ) سے تعلق رکھنے والے ملزم محمد عامر کو گرفتار کر کے اسکے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا ،ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم محمد عامر 2024 میں عبد الصمد گروپ میں شامل ہوکر بھتہ وصولی، منشیات فروشی اور چھالیہ اسمگلنگ میں ملوث رہا ہے ،ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ منشیات اور چھالیہ کی غیر قانونی فروخت سے حاصل شدہ رقم عبد الصمد کو بیرون ملک بھیجوانے اور کراچی میں ٹارگٹ کلرز کو دینے میں ملوث رہا ہے، ملزم قدرت اللہ افغانی سے چھالیہ اور منشیات خرید کر اندرون سندھ ڈرائیور غوری اور جام خان کے ذریعے فروخت کرنے اور بھتہ وصولی کے لئے چھالیہ فروش اور دوسرے کاروباری حضرات کے موبائل نمبر زحاصل کر کے بیرون ملک میں موجود عبد الصمد کوبھیجنے میں بھی ملوث رہا ہے، گزشتہ ماہ کے دوران نیو کراچی کے علاقے میں بھتہ نہ دینے کی صورت میں عبد الصمد نے فائرنگ کے مختلف واقعات کروائے تھے جس میں ایک بچی اور راہگیر بھی جاں بحق ہوئے تھے، گرفتارملزم محمد عامرگرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش تھا ۔