• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالم اسلام کے حکمران اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کریں، یکجہتی فلسطین کانفرنس

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) غزہ پر مسلسل امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کی اپیل پر پاکستان میں بھی یوم ارض فلسطین منایا گیا اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہال میں یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں سیاسی و مذہبی قائدین سمیت سول سوسائٹی، اساتذہ، وکلاء، طلباء برادری سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات شریک ہوئے،مقررین نے کہا کہ غزہ ، یمن، لبنان اور شام پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں ، عالم اسلام کے حکمران غزہ کی مدد کرنے کے لئے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کریں ، عوام امریکی و اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھیں، حکومت پاکستان عالمی سطح پر مسئلہ فلسطین کی حمایت میں جارحانہ سفارتکاری کا عمل تیز کرے ، فلسطینیوں کی سیاسی و اخلاقی اور مالی مدد جاری رکھی جائے، مقررین میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم، جماعت اسلامی کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی سید اعجاز الحق، سابق سفیر غلام رسول بلوچ، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ شبیر میثمی، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی، جمعیت علماء پاکستان کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی ، اقلیتی برادری کے رہنماؤں پاسٹر ایمانوئیل صوبہ اور سکھ مگھن سنگھ تھے ، مقررین نے خطاب میں کہا کہ کہ فلسطینی مزاحمت کے محور نے دنیا بھر کے عوام کو بیدار کر دیا ہے، آج مغربی ممالک سمیت دنیا کے ہر کونے میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں آواز اٹھ رہی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کا وجود غرق ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر عالمی ادارے غزہ ، یمن ، لبنان اور شام پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کو نہیں روک سکتے تو ایسے اداروں کا کیا فائدہ ؟ انہوں نے مسلم امہ کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ اتحاد کا راستہ اختیار کرتے ہوئے غزہ کے عوام کی مدد کریں۔ مقررین کاکہنا تھا کہ پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اور پاکستان اسے کبھی تسلیم نہیں کرے گا تاہم پاکستان میں کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ غاصب اسرائیل کے ساتھ تعلقات بنائے یا تسلیم کرنے کی سازش کرے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید