فیصل آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن چیف خرم مختار نے امریکہ کی طرف سے پاکستان پر عائد کئے جانے والے ٹیرف کو برآمدات میں اضافے کے لئے چیلنج کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے اپنی تجارتی پوزیشن کو مضبوط بنانے اور امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے کا موقع قرار دیا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ امریکہ کو ٹیکسٹائل برآمد کرنے والے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی مسابقتی برتری کو برقرار رکھنے کے لئے امریکہ سے کپاس، سویا بین، سکریپ اور پیٹرولیم مصنوعات ترجیحی بنیادوں پر درآمد کی جائیں۔ پاکستان کو امریکہ سے مذکرات کرنے کے علاوہ برآمدی منڈیوں کو متنوع بنانے اور ویلیو ایڈیشن بڑھانے کی ضرورت ہے , امریکہ ہماری واحد سب سے بڑی برآمدی منڈی اور قابل قدر تجارتی پارٹنر ہے۔پاکستان کئی دہائیوں سے امریکی کپاس کا ایک اہم درآمد کنندہ رہا ہے اس لئے امریکی انتظامیہ کو پاکستان کی برآمدات کو غیر متناسب طور پر نقصان پہنچانے والی پالیسیوں سے گریز کرنا چاہیے۔ امریکی ٹیرف سے نمٹنے کے لئے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن امریکی تجارتی حکام کے ساتھ ترجیحی مارکیٹ تک رسائی برقرار رکھنے کے لئے مذاکرات کے ساتھ ساتھ برآمدی منڈیوں کو متنوع بنانے، ویلیو ایڈیشن بڑھانے اور حکومت سے صنعت کے لیے معاون پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔