کراچی( اسٹاف رپورٹر) سنیئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت کو بلیک میل کرنے کی ہر سیاسی مہم ناکام ہوگی،مسلم لیگ ن نے ملک کو جس طرح بحران سے نکالا ہے، اس سے عوام میں اس کی مقبولیت بڑھ گئی ہے، تمام آئینی عہدے رکھنے کے باوجود پی پی کی جانب سے وفاقی حکومت کے خلاف باتیں اور بیانات افسوس ناک ہے، کینال کے مسئلے پر احتجاج سندھ کی عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش ہے، پی پی نے اس ایشو پر دیگر جماعتوں کے دباؤ میں آ کر احتجاج کیا ہے، اس مسئلے پر تمام صوبوں اور حکومتوں کو اعتماد میں لے فیصلہ کیا جائے، بلوچستان اور کے پی کے پہلے ہی دہشت گردی کا شکار ہیں، اس لئے ملک میں اس وقت یک جہتی کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت ملک کو مسائل کے دلدل سے باہر لانے میں خاصی حد تک کامیاب ہوچکی ہے، اب اسے عوام کو مزید ریلیف دینے کے اقدامات کرنا ہوں گے، جس کے لئے حکومت کی حمایت یافتہ تمام جماعتوں کو بھی اپنی ذمے داری کا احساس کرنا، اب ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے جس کے لئے پوائنٹ اسکورنگ کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہوگا، پی ٹی آئی کو اگلے انتخابات تک انتظار کرنا ہوگا ،اسی میں پی ٹی آئی کی سیاسی بقاء ہے۔