کراچی( سید محمد عسکری) کراچی میں اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ( بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن) میں نئے چیرمین کی تعیناتی کا معاملہ الجھ گیا ہے، اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں گریڈ 21 کے ریٹائرڈ بیوروکریٹ محمد مصباح تنہیو کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کراچی کا چئیرمین مقرر کرنے کی سفارش کی گئی تھی انہیں تلاش کمیٹی نے 58.50 نمبر دیئے تھے جب کہ پہلے اس بورڈ میں ریٹائرڈ بریگیڈیئر وسیم احمد کو چئیرمین مقرر کرنے کی سفارش کی گئی تھی تاہم انھوں نے 59 نمبر حاصل کیئے تھے اور وہ تیسرے نمبر پر تھے مگر پھر انھوں نے معذرت کرلی جس کے بعد محمد مصباح تنہیو کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کراچی کا چئیرمین مقرر کرنے کی سفارش کی گئی اور انھیں محکمہ بورڈز و جامعات نے بطور چیرمین ملازمت کی پیشکش کا خط جاری کیا اور انھیں فوری عہدہ سنبھالنے کی ہدایت کی مگر انھوں فوری عہدہ سنبھالنے سے معذرت کی۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے زرائع کے مطابق انھوں نے چئیرمین بورڈ کی کم تنخواہ، مراعات اور انٹر بورڈ کے امن و امان اور پیچیدہ حالات کے پیش نظر عہدہ سنبھالنے سے متعلق سوچنے کے لیے مہلت مانگی ہے۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد مصباح تنہیو نے تصدیق کی کہ انھوں نے سکریٹری بورڈز و جامعات عباس بلوچ سے وقت مانگا ہے اور اس کے بعد میں فیصلہ کروں گا کہ مجھے چیرمین بورڈ کا عہدہ قبول کرنا چاہیے یا نہیں۔ تلاش کمیٹی کے انتخاب کردہ اضافی پینل میں اگلا نمبر فقیر محمد لاکھو کا ہے جو اس وقت کراچی میں ریجنل ڈائریکٹر کالجز کے عہدے پر تعینات ہیں انھوں نے 55.80 نمبر حاصل کیئے اس کے بعد ڈاکٹر شجاع نے 55.80، کرنل ریٹائرڈ سید محمد علمدار رضا نے 55.40، ڈاکٹر ذوالفقار علی میمن نے 53.20، عابد علی مغل نے 52، سید ذولفقار علی شاہ نے 51.25، قاضی عارف علی نے 51، جاوید علی میمن نے 50.67, علی گوہر چانگ اور پیر سہیل احمد سرھندی نے مشترکہ طور 50 نمبر حاصل کیئے۔ یاد رہے کہ تلاش کمیٹی نے سب سے زیادہ نمبر رفیق احمد چانڈیو کو 59.40 دہیے تھے اور انھیں ان کی خواہش پر حیدرآباد بورڈ کا چیرمین مقرر کیا تھا۔ دوسرے نمبر پر مشرف علی راجپوت تھے اور انھیں ان کی خواہش پر ٹیکنیکل بورڈ کا چیرمین مقرر کیا گیا میٹرک بورڈ کراچی کے چیرمین غلام حسین سہو نے 57 نمبر حاصل کیئے۔ ڈاکٹر آصف میمن کو نوابشاہ بورڈ کا چیرمین مقرر کیا گیا ہے انھوں نے 56.57 نمبر حاصل کیئے تھے، منصور راجپوت کو میرپورخاص بورڈ کا چیرمین مقرر کیا گیا ہے انھوں نے 56.50 نمبر حاصل کیئے۔ خالد حسین مہر کو لاڑکانہ بورڈ کا چیرمین مقرر کیا گیا ہے انھوں نے 56 نمبر حاصل کیے جب کہ سکھر بورڈ کے لئے پروفیسر زاہد حسین چنڑ کی سفارش کی گئی انھوں نے 56.40نمبر حاصل کئے تاہم ان کی تقرری کا معاملہ سندھ ہائ کورٹ میں ہونے کے باعث روک دیا گیا کیونکہ اس سے قبل سرچ کمیٹی کی سفارش پر محکمہ بورڈز و جامعات کے سیکرٹری مرید راہموں نے سکھر بورڈ کے لیے سمری کنٹرولنگ اتھارٹی کو بھیجی تھی جو منظور بھی ہوگئی تھی مگر اس کا نوٹفکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا۔