• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجروں کو کمرشل بجلی پروٹیکٹڈ صارفین میں شامل کیا جائے‘ پاکستان انجمن تاجران

اسلام آباد (جنگ نیوز) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ اور سیکرٹری و کنونیئر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے بجلی کے نرخوں میں کمی کا تاجر برادری خیر مقدم کرتی ہے تاہم تاجر برادری حکومتی رعایت کے باوجود مہنگی ترین بجلی خریدے گی۔ گزشتہ برسوں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شام کے اوقات میں پیک آوور کے استعمال پر بجلی مہنگی کر دی گئی تھی۔ پہلے پیک آورز شام 7سے رات 10بجے تک تھے جنہیں بڑھا کر شام 5سے رات 11بجے تک کر دیا گیا جس کے باعث اوسط کمرشل یونٹ سو روپے کی قریب ہو گیا تھا۔ اب چونکہ سولر سسٹم کی عوام کی طرف سے تنصیب کی وجہ سے بجلی وافر ہو گئی ہے تو وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر اویس لغاری کمرشل صارفین کیلئے پیک آورز بلنگ فوری ختم کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پیکیج میں دو سو یونٹ اور تین سو یونٹ تک صارفین کو خصوصی رعایت کا اعلان کیا گیا ہے لیکن کمرشل صارفین اس سے محروم رکھے گئے ہیں۔ تاجروں کو کمرشل بجلی کے استعمال پر پروٹیکٹڈ صارفین کی فہرست میں شامل کیا جائے۔ ٹرانسفار کی خرابی کو دور کرنے کی ذمہ داری بھی کمرشل صارفین کی ہے جو کہ قانونی طور پر غلط ہے۔ مہنگی ترین بجلی خریدنے والوں کے ٹرانسفارمر آئیسکو مرمت کرائے جو کہ ان کی ذمہ داری ہے۔
اسلام آباد سے مزید