کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی بھارت میں ایشیا کپ میں شرکت حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت سے رابطہ کیا ہے، پاکستان اسپورٹس بورڈ، وزارت بین الصوبائی رابطہ کے حکام سے ملیں گے ، پھر وزیر اعظم سے بات ہو گی ۔ ایشیا کپ کی اہمیت کا بھی بتائیں گے لیکن حکومت کا فیصلہ ہمارے لیے پہلے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی کی جونئیر ہاکی ٹیم کے بعد اب عمان کی ٹیم دورے پر ہے ، غیر ملکی ٹیموں کا آنا ایک سلسلے کی کڑی ہے ، جس کا مقصد جونیئر ٹیم کو ورلڈکپ کی تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس طرح میچ پریکٹس کا موقع بھی ملے گا، نوجوان کھلاڑیوں کو فائدہ ہو گا۔