• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے جوہری معاہدے پر براہ راست بات چیت ہو رہی ہے، صدر ٹرمپ

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری معاہدے کے حوالے سے براہِ راست بات چیت جاری ہے۔ وہ یہ بات وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو کے ہمراہ بیٹھے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کر رہے تھے۔ صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ہفتہ کے روز ایک ’انتہائی اعلیٰ سطح‘ کی ملاقات متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک بہت اہم ملاقات ہے، اور دیکھتے ہیں کیا ہو سکتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ سب اس بات پر متفق ہیں کہ معاہدہ کرنا بہتر ہوگا۔ تاہم امریکی صدر نے خبردار بھی کیا کہ اگر بات چیت کامیاب نہ ہوئی تو میرا خیال ہے کہ ایران کو شدید خطرہ لاحق ہو جائے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کو بھیجے گئے خط کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان برف پگھلتی نظر آرہی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات سے انکاری ایران نے بالواسطہ مذاکرات کے لیے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بالواسطہ مذاکرات کی پیشکش سے متعلق کوئی خط نہیں ملا۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ تاہم ایران بالواسطہ مذاکرات کرنے کی تجویز کو ایک فراخدلانہ پیشکش قرار دیتا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ہم بھی امریکا کو ایک فراخدلانہ بالواسطہ مذاکرات کی کرتے ہیں۔ اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے نئے دور کی میزبانی کے لیے سلطنتِ عمان سب سے نمایاں خواہش مند ملک ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید