واشنگٹن (اے ایف پی ، جنگ نیوز) وائٹ ہاؤس نے بتایا ہے کہ چینی درآمدات پر امریکا کے اضافی محصولات بدھ کے روز 104فیصد تک پہنچ جائیں گے، بیجنگ کی جانب سے محصولات پر ’’آخری دم تک لڑائی‘‘ کا عہد کرنے کے بعد واشنگٹن نے اپنے طے شدہ اقدام پر سختی کر دی ہے۔بیجنگ کا کہنا ہے کہ وہ اس کا جواب دے گا ۔ ترجمان چینی وزارت تجارت نے امریکی رویہ کو غنڈہ گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ضد پر قائم رہا تو جوابی اقدامات کریں گےاور آخری دم تک لڑیں گے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکا اپنی غلطیوں کا ادراک کرے اور چین کیخلاف تمام یکطرفہ ٹیرف منسوخ کرے، تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوگا۔ یورپ نے بھی امریکا کیخلاف جوابی ٹیکس عائد کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیجنگ کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے امریکی مصنوعات پرعائد کیا گیا جوابی ٹیکس واپس نہ لیا تووہ چین سے آنے والی اشیاء پر مزید 50 فیصد محصول عائد کردیں گے-