• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر استعمال شدہ پاکستانی معدنیات کا 6 ٹریلین ڈالر کا خزانہ

اسلام آباد (صابر شاہ) 2023میں پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک کے ناہموار علاقوں میں 6 ٹریلین ڈالر مالیت کے معدنی ذخائر موجود ہیں، جہاں قدیم پہاڑ اور تپتے ہوئے صحرا گزرے ہوئے زمانوں اور انسانی بقا کی جدوجہد کی کہانیاں سناتے ہیں۔ 14 ستمبر 2023 کو کنیکٹیکٹ سے تعلق رکھنے والے امریکی ریاستی سینیٹرز اور نمائندوں کے ایک گروپ سے ملاقات کے دوران امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے بھی اس اعداد و شمار کا حوالہ دیا۔ منگل کے روز اسلام آباد میں جاری پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 میں ٹورنٹو میں قائم بیرک گولڈ کارپوریشن کے سی ای او مارک برسٹو نے بھی حوصلہ افزا ریمارکس کا اظہار کیا، جہاں حکومت ملک کے وافر لیکن بڑی حد تک غیر استعمال شدہ قدرتی وسائل میں سرمایہ کاری کے لیے سرمایہ کاروں کو راغب کر رہی ہے۔ سونے اور تانبے کی پیداوار کرنے والی کان کنی کی کمپنی بیرک گولڈ کارپوریشن کے سی ای او، جس کے 13 ممالک میں 16 فعال مقامات ہیں، نے انکشاف کیا کہ بلوچستان میں ریکوڈک کی کانوں میں 15 ملین ٹن تانبا اور 26 ملین اونس سونا موجود ہے۔ 2024 میں مکمل ہونے والی ایک فزیبلٹی رپورٹ کا اشتراک کرتے ہوئے مارک برسٹو نے زور دیا کہ اس منصوبے کی پہلی پیداوار 2028 میں شروع ہوگی جس کا سالانہ ہدف 2 لاکھ 40 ہزار ٹن تانبا اور 3 لاکھ اونس سونا ہوگا جبکہ دوسرے مرحلے کا مقصد پیداوار کو 4 لاکھ ٹن تانبے اور 5 لاکھ اونس سونے تک بڑھانا ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید