ملتان (سٹاف رپورٹر) صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ شکیل احمد میاں نے ملتان کا دورہ کیا اور ستھرا پنجاب مہم کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کی، کمشنر عامر کریم خاں نے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے آؤٹ سورسنگ ماڈل کے ثمرات و کارکردگی پر بریفنگ دی، اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عوامی ریلیف کیلئے 150 ارب روپے کا ستھرا پنجاب کا میگا منصوبہ لانچ کیا،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نجی سیکٹر کے ذریعے دیہی و شہری علاقوں میں یکساں صفائی نظام نافذ کیا گیا،8 سو ملین روپے کی لاگت سے سیوریج و ڈرین سسٹم کی صفائی کیلئے میگا پراجیکٹ لایا جارہاہے،وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت صوبے کو ویسٹ فری کرنے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ڈویژن کو زیرو ویسٹ کرنے کیلئے کنٹریکٹرز کی سخت مانیٹرنگ کا میکنزم تشکیل دیا گیا ہے،نجی کمپنیاں سینٹری ورکز کو مقرر کردہ تنخواہ دینے کی پابند، کسی قسم کی کٹوتی نہیں کی جاسکتی ہے۔