راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 11سے 19 اپریل تک پاکستان سپر لیگ کرکٹ میچز کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کر دیا ۔کرکٹ ٹیموں کی سٹیڈیم آمد اور روانگی کے وقت مری روڈ کو فیض آباد سے ڈبل روڈ ٹرن تک مکمل طور پر بند کیا جائے گا۔ اس دوران اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب ڈائیورٹ کیا جائیگا جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک چاندنی چوک ، رحمان آباد اور سکستھ روڈ چوک سے براستہ سید پور روڈ اسلام آباد میں داخل ہو سکے گی۔ غوثیہ چوک سے آنے والی ٹریفک کو براستہ فاروق اعظم روڈ، کری روڈ کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا ۔ دوران میچ اسٹیڈیم روڈ نائنتھ ایونیو چوک سے ڈبل روڈ ٹرن تک دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند ہو گی۔ اس دوران اسلام آباد نائنتھ ایوینیو سے آنیوالی ٹریفک براستہ فیض آباد ایکسپریس وے اور آئی جے پی روڈ سے پنڈورہ چونگی، کٹاریاں، کیرج فیکٹری،پیر ودہائی موڑ،چک مدد سے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی جبکہ راولپنڈی سے ڈبل روڈ براستہ نائنتھ ایونیواسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ مری روڈ فیض آباد سے اسلام آباد داخل ہو سکے گی۔