• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور آرمی چیف سے امریکا کے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقاتیں

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) امریکی محکمہ خارجہ کے اعلیٰ سطح وفد نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں، وفد نے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا، وزیراعظم نے امریکا کیساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے صدر ٹرمپ اور انکی انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے ،امریکی کمپنیوں کو اس ترجیحی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سےفائدہ اٹھاناچاہیے،امریکی وفد کاپاکستان کی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ آرمی چیف سے امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایرک میئر نے پاکستان میںسرمایہ کاری ماحول کی تعریف کی، ایرک میئر نے امریکی انتظامیہ کی ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان کی معدنیات کو باہمی دلچسپی کا ’’بنیادی مفاد‘‘ قرار دیا۔ امریکی وفد نے پاکستان کی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ایرک میئر، سینئر بیورو آفیشل اور قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری، بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز، یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف اسٹیٹ کی قیادت میں امریکی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم میں شرکت کیلئے پاکستان کا دورہ کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے فورم میں امریکی شرکت کا خیرمقدم کیا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے اور امریکی کمپنیوں کو اس ترجیحی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونا چاہئے۔ وزیر اعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک میئر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی وسیع استعداد کا اعتراف کیا اور امریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی امریکی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے سینئر بیورو آفیشل ایرک میئر کی قیادت میں امریکہ کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے یہاں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔

اہم خبریں سے مزید