• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کا پاکستان اسٹیل اسپتال، اسکولز، کالجز کا کنٹرول سنبھالنے کا اعلان

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان اسٹیل کے اسپتال، اسکولوں اور کالجوں کا کنٹرول سنبھالنے کا اعلان کر دیا ، اسٹیل ٹاؤن میں پانی اور بجلی بحال کرنے کا بھی حکم، مراد علی شاہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے رمضان سے قبل برطرف کیے گئے 1,370ملازمین بحال کرنے کی درخواست، تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان اسٹیل مل کی انتظامیہ اور ٹریڈ یونین کے ساتھ مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت اسٹیل ملز سے منسلک اسپتالوں، اسکولوں اور کالجوں کے امور جاری رکھنے کےلیے ان کا انتظام سنبھالے گی۔ انہوں نے اسٹیل ٹاؤن میں پانی اور بجلی کی فراہمی بحال کرنے کا بھی حکم دیا۔اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ضیاء الحسن لنجار، شاہد تھہیم، سعید غنی، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وقار مہدی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری لیبر رفیق قریشی، سی ای او واٹر بورڈ احمد صدیقی، سی او او اسداللہ خان، سی ای او پاکستان اسٹیل ملز اسد اسلام مہانی، کنوینر پاکستان اسٹیل گرینڈ الائنس شمشاد قریشی، اور آل ایمپلائز گرینڈ الائنس کے نمائندگان دھنی بخش سموں، مرزا طارق جاوید، اکبر ناریجو، سلیم گل اور اکبر میمن شریک ہوئے۔وزیراعلیٰ نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اور اس کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے سندھ حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اسٹیل ملز کے ملازمین کے مسائل حل ہوں۔مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے 700 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے اور اسٹیل ملز کی انتظامیہ اور متعلقہ وزارت ایک نئے اسٹیل پلانٹ کے لیے تجارتی فزیبلٹی اسٹڈی پر کام کر رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید