کراچی (نیوز ڈیسک) اطلاعات کے مطابق پاکستان نے بائنانس کے بانی چانگپینگ ژاؤ کو اسٹرٹیجک کرپٹو مشیر مقرر کرنے کے محض چند دن بعد، اپنی فاضل بجلی کو بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی انفراسٹرکچر کے لئے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی نیوز ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق، پاکستان اپنی فاضل بجلی کا کچھ حصہ بٹ کوائن مائننگ اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ڈیٹا سینٹرز کو بجلی فراہم کرنے کے لئے استعمال کرے گا، جو توانائی اور ٹیک پالیسی میں ایک اہم تبدیلی ہے جس کا مقصد اضافی صلاحیت کو اقتصادی مواقع میں بدلنا ہے۔
یہ اعلان بدھ کے روز پاکستان کی کرپٹو کونسل کے سربراہ اور وزیر خزانہ کے مشیر بلال بن ثاقب نے کیا، جنہوں نے یہ بھی بتایا کہ کئی مائننگ فرموں کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے۔
پاکستان کا توانائی کا شعبہ طویل عرصے سے ساختی چیلنجوں سے دوچار رہا ہے، جن میں بجلی کے زیادہ نرخ اور دائمی ضرورت سے زیادہ پیداواری صلاحیت شامل ہے۔