اسلام آباد ( طاہر خلیل )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف پاکستان کی نہیں، بلکہ عالمی سطح پر اس سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو پاکستان کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ایریک میئر سے ملاقات کے دوران کہی، جو پاکستان کے دورے پر آئے تھے۔ مطلوب دہشت گرد کی گرفتاری ،تعاون پر امریکی عہدیدار کا پاکستان سے شکریہ ادا کیا اس ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تفصیلی گفتگو کی۔ خاص طور پر دہشتگردی، سمگلنگ اور انسداد منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ایریک میئر نے پاکستان کی جانب سے مطلوب دہشتگرد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر شکریہ ادا کیا اور جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت بھی کی۔