• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کے نوٹس کے بعد لواحقین کو انصاف ملے گا، گورنر سندھ

کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے ٹینکرز، ڈمپر حادثات متاثرین کا گورنر ہائوس ظہرانہ دیا گیا۔ ظہرانہ میں ڈیڑھ سو سے زائد متاثرین خاندان شریک تھے۔ گورنر سندھ نے متاثرہ خاندان میں راشن بیگز بھی تقسیم کئے۔ گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے خط پر نوٹس لیا۔ چند روز قبل ہیوی ٹریفک حادثات پر چیف جسٹس کو خط لکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے نوٹس کے بعد اب لواحقین کو انصاف ملے گا۔ مجھے یقین ہے اب عمل ہوگا، مجرم کیفر کردار تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خدارا بہت جانیں جاچکی، اس سیاست کے کھیل کو بند کریں۔ کراچی اب فسادات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات کے متاثرین کے گھر گیا۔ ان کی داد رسی کی۔ ہم نے ہی ان لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ لاشوں پر سیاست نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لواحقین کی ایف آر اے درج کرائیں گے۔ میری دعوت پر ڈیڑھ سو سے زائد متاثرہ خاندان گورنر ہاو س آئے ہیں۔ متاثرین کو پلاٹس، راشن اور مالی مدد کر رہے ہیں۔ متاثرین کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب بات ہوگی قلم، اچھی صحت اور روزگار کی۔ ان متاثرین کے ہاتھ میں جھنڈے نہیں دوں گا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید