• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارپوریٹ سیکٹر کو ایجنسیوں کی ہراسانی سے بچانے کے لیے فائر وال قائم کی جائے گی، ہارون اختر خان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کارپوریٹ سیکٹر کو ایجنسیوں کی ہراسانی سے بچانے کے لیے فائر وال قائم کی جائے گی‘حکومت جلد ہی ایک نیا دیوالیہ پن قانون متعارف کرائے گی جو مشکلات کا شکار کاروباری اداروں کو تنظیم نو اور تسلسل کے لیے قانونی راستے فراہم کرے گا‘پاکستان مختلف ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹس پرنظرثانی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے‘بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی اور دیگر اہم مسائل کے لیے کمیٹیاں بھی بنائی جارہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے ہفتہ کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت کارپوریٹ سیکٹر کو نیب، ایف آئی اے اور ایف بی آر جیسی تحقیقاتی ایجنسیوں کے غیر ضروری ہراسگی سے بچانے کے لیے پُرعزم ہے۔اس مقصد کے لیے ایک فائر وال قائم کی جائے گی جس کے تحت کسی بھی کارپوریٹ ادارے کی تحقیقات سے پہلے متعلقہ ادارے جیسے ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک، ایف پی سی سی آئی یا کے سی سی آئی سے منظوری لینا ضروری ہوگا۔ہم جائز کاروباری اداروں کے خلاف بے جا کارروائیوں کو روکنا چاہتے ہیں۔ہمیں بیرونی سرمایہ کاروں سے پہلے مقامی سرمایہ کاروں کو ترجیح دینی چاہیے۔انہوں نے کے سی سی آئی کے ممبران کے خدشات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بیشتر مسائل جائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار میں ناقص پالیسیوں اور غلط فیصلوں کی وجہ سے بڑی صنعتیں جیسے اسٹیل، پیپر بورڈ اور ٹیکسٹائل ملیں بند ہوئیں تاہم انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اب بحالی کے راستے پر گامزن ہے ۔

اہم خبریں سے مزید