کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل میں ہفتے کونیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز نےاپنے ہوم گرائونڈ پر مہم کا آغاز کامیابی سے کرتے ہوئے۔ ملتان سلطانز کو سخت،دل چسپ اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد چاروکٹ سے مات دے کر فتح اپنے نام کی،کراچی کنگز نے 237 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی سنچری اننگز کو جیمز ونس اور خوش دل شاہ نے اپنی جارحانہ اور دھواں دار اننگز سے رائیگاں بنادیا،جیمز ونس نے رضوان کی سنچری کا پاور فل جواب دیتے ہوئے موجودہ ایونٹ کی دوسری سنچری کو فتح میں تبدیل کردیادونوں کھلاڑیوں نے مشکلات سے دوچار اپنی ٹیم کی ممکنہ شکست کو جیت میں بدلتے ہوئے بھر پور انداز میں پر اعتماد اننگز کھیلتے ہوئے میدان سے سرخرو ہونے میں اہم کردار ادا کیا،اور235رنز کا ہدف چھ وکٹ پر236رنز بناکر حاصل کرلیا،جیمز ونس نے 43گیندوں پر14چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے101رنز بنائے،انہوں نے خوش دل شاہ کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے142رنز کی شراکت دی،خوش دل شاہ نے60رنز37گیندوں پرپانچ چوکوں اور چھکوں کی مدد سے اسکور کئے۔سلطانز کے کپتان محمدرضوان نے شاندار سنچری اسکور کی، انھوں نے 63 گیندوں پر 105رنز بنائے جس میں 5 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ رواں پی ایس ایل کی یہ پہلی سنچری ہے۔