• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ فروغ کیلئے کشمیر سپریم لیگ کے اشتراک سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد( شکیل اعوان، خصوصی رپورٹر ) مقامی گروپ آف کمپنیز اور کشمیر سپریم لیگ کے درمیان کرکٹ کے فروغ کے متعلق معاہدہ طے پا گیا۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و چیئرمین گروپ آف کمپنیز سردار تنویر الیاس خان اور چیئرمین کے ایس ایل مسعود احمد خان نے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ کرکٹرز شاہد خان آفریدی، محمد حفیظ خان، عبدالرزاق سمیت دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ سی ای او کشمیر سپریم لیگ عثمان عثمانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد پاکستان میں کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے کی ایک کوشش ہے۔ سردار عمر تنویر نے کہا کہ کشمیر کاز کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے یہ لیگ بہت مددگار ثابت ہو گی۔کرکٹر شاہد آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ میں میڈیا سے درخواست کروں گا کہ اس لیگ کو پروموٹ کرے۔ ان کاکہنا تھا کہ میرا کشمیر کے ساتھ خاص تعلق ہے جو ہمیشہ رہے گا انشاءاللہ یہ لیگ کامیاب ہوگی اور پاکستان میں کرکٹ کا وقار پھر سے بحال ہوگا۔ کرکٹر حفیظ خان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے نام کیساتھ ہمارے جذبات جڑے ہوئے ہیں۔ چیئرمین کشمیر سپریم لیگ مسعود احمد خان نے کہا کہ کشمیر کاز کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے اور کشمیری نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا ایک موقع دینے کیلئے یہ لیگ شروع کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 14 اپریل سے مظفراباد سے اس لیگ کے ٹرائل کا آغاز ہو رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ غزہ اور کشمیر میں ہونیوالے مظالم کے خلاف ہم ہمیشہ کھڑے رہے ہیں۔ سردار تنویر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ویمن کرکٹ پر بھی کام کر رہے ہیں۔ اداکار عمران عباس نے کہا کہ لوگوں کے جوش اور ولولے کو دیکھ کر لگتا ہے کہ کرکٹ اپنا کھویا ہوا وقار پھر سے ضرور حاصل کرے گی۔
اسلام آباد سے مزید