بیجنگ (اے ایف پی، جنگ نیوز) چین نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے جوابی ٹیرف کو ’مکمل طور پر منسوخ‘ کر دے، بیجنگ کی جانب سے یہ مطالبہ امریکا کی جانب سے چین سے درآمد ہونے والے سپر کمپیوٹر سمیت الیکٹرانکس کے سامان اور چپ سازی کے آلات کے لئے ٹیرف میں استثنیٰ کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔ چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم امریکا پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی غلطیوں کو درست کرنے کے لئے بڑا قدم اٹھائے، اور ’جوابی ٹیرف‘ کے غلط عمل کو مکمل طور پر منسوخ کرے اور باہمی احترام کے صحیح راستے پر واپس آئے۔‘ جمعے کی رات گئے سامنے آںے والے یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے نوٹس میں بتایا گیا تھا کہ سمارٹ فونز، لیپ ٹاپس، میموری چپس اور دوسرے آلات اس ٹیرف سے مستثنیٰ ہوں گے جن کا اعلان گذشتہ ہفتے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا تھا اور وہ لاگو بھی ہو گیا تھا۔ امریکا کے اس اقدام کے حوالے سے چین کی کی وزارت تجارت نے کہا کہ یہ استثنیٰ واشنگٹن کا ایک ’چھوٹا قدم‘ ہے اور چین اس فیصلے کے ’اثرات کا جائزہ لے رہا ہے۔