اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلان کیا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کو صارفین تک منتقل کرنے کی بجائے اس رقم کو بلوچستان کی سب سےاہم شاہراہ N- 25 (چمن - کوئٹہ-قلاتـ -خضدار- کراچی شاہراہ) کو دو رویہ کرنے میں استعمال کیا جائے گا‘ اس خونی سڑک کو خوشحال شاہراہ میں بدلناہے ‘یہی بچت کچھی کینال کا فیز 2 بھی مکمل کرنے پر خرچ کی جائے گی ۔ایم 6 اور ایم 9موٹروے وفاق خودشفاف طریقے سے بنائے گا‘شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے متعدد سہولیات اور مراعات کے حامل جامع پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے متعلقہ مقدمات نمٹانے کیلئے وفاق کی سطح پر خصوصی عدالتیں قائم کر دی گئی ہیں‘وفاقی چارٹرڈ یونیورسٹیوں کی 10 ہزار نشستوں میں اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کیلئے پانچ فیصد اور وفاق کے ڈگری تفویض کرنے والے اداروں میں بھی پانچ فیصد جبکہ میڈیکل کالجز میں 15 فیصد کوٹہ مختص ہو گا‘گرین چینل کو دوبارہ چند ہفتوں میں آپریشنل بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےمنگل کو یہاںسمندر پار پاکستانیوں کے کنونشن اور وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کو صارفین تک منتقل کرنے کی بجائے اس رقم کو بلوچستان کی سب اہم شاہراہ این 25(چمن، کوئٹہ،قلات،خضدار،کراچی شاہراہ)کو دو رویہ کرنے میں استعمال کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قومی شاہراہ کی بحالی موٹر وے کے معیار پر کی جائے۔ مزید برآں اسی بچت سے کچھی کینال کا فیز 2 بھی مکمل کرنے میں استعمال ہو گی جس سے صوبہ بلوچستان کی سیکڑوں ایکڑ زمین سیراب ہو گی اور صوبے سمیت پاکستان بھر میں خوشحالی آئے گی۔