اسلام آبا د(نمائندہ جنگ )پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ کیا پاکستان کے دشمنوں کا یہ خیال ہے کہ مٹھی بھر دہشتگرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کر سکتے ہیں؟ دہشتگردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں‘ بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے‘جو پاکستان کی ترقی کے راستے میں حائل ہو گا ہم مل کراس رکاوٹ کو ہٹا دیں گے‘بیرون ملک مقیم پاکستانی صرف پاکستان کے سفیر ہی نہیں بلکہ پاکستان کی وہ روشنی ہیں جو پورے اقوام عالم پر پڑتی ہے‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پہلے اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کنونشن کے آغازپر اوورسیز پاکستانیوں نے آرمی چیف کے حق میں نعرے بھی لگائے ۔اپنے خطاب جنرل عاصم منیرکا کہناتھاکہ جب تک ملک کے غیور عوام افوج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ کی فوج ہر مشکل سے با آسانی نبرد آزما ہو سکتی ہے‘نامساعد حالات کے آگے بطور مسلمان اور پاکستانی نہیں گھبراتے، ہم کبھی بھی مشکلات اور دشواریوں کے سامنے جھکے ہیں نہ جھکیں گے‘ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، پاکستانیوں کا دل ہمیشہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔