اسلام آباد (مہتاب حیدر، تنویر ہاشمی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چند ججوں اور جرنیلوں نے ایک سیاسی لیڈر کے ساتھ اپنی دوستی کی خاطر سازش رچائی اور 2016-17میں ملک میں کلہاڑے کا وار کر کے سیاسی عدم استحکام کا بیج بویا، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو تفریح یا فلمیں دیکھنے کے لئے تو استعمال کیا جاسکتا ہے لیکن قومی بیانیہ تیار نہیں ہوسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انسٹیٹوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی ممالک سے پیچھے رہنے کی بڑی وجہ سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں کا عدم تسلسل ہے۔ بھارت کے منمون سنگھ نے اپنا معاشی اصلاحات کا ایجنڈا سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں اس وقت کے وزیر خزانہ سرتاج عزیز کا بنایا ہوا استعمال کیا اور اپنے ملک کی معیشت بدل ڈالی لیکن یہاں نواز شریف کو حکومت سے ہی نکال دیاگیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان غریب ملک نہیں لیکن اس ملک کی معیشت کو بہت برے طریقے سے چلایا گیا۔ پائیڈ کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم جاوید نے پاکستان کی ترقی کیلئے ایک تھیوری متعارف کرائی، جس میں ٹیکنالوجی، اداروں کی تشکیل نو، اور استعداد کار میں اضافے کے ذریعے روایتی ترقی سے ہٹ کر ماڈل اپنا جائے۔