کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے جیو کے پروگرام ʼʼنیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھʼʼ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقات نہ کرانا کھلی توہین عدالت اور عدلیہ کی تذلیل ہے عدالتی احکامات کو نظر انداز کر کے ججوں کے فیصلے ردی میں پھینک دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد پی ٹی آئی نے مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ نکلنے کا فیصلہ کیا تھا اور عمران خان نے اس پر فوری عملدرآمد کی ہدایت دی ہے اگر مولانا فضل الرحمان جواب نہ دیں تو پارٹی خود سڑکوں پر نکلے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنی ذات کے لیے کسی کو مذاکرات کا اختیار نہیں دیا۔ ترسیلات زر میں اضافے سے متعلق انہوں نے کہا کہ اٹھارہ لاکھ افراد ملک چھوڑ چکے ہیں اور عید کے باعث وقتی اضافہ ہوا۔ فیصل واوڈا کے بیانات کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی تقسیم نہیں ہوئی ہے۔