• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپٹما اور پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کا نیشنل کاٹن پالیسی متعارف کرانے پر اتفاق

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ایک خوش آئند پیش رفت کے طور پر آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) اور پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) نے نیشنل کاٹن پالیسی (این سی پی) متعارف کرانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ پاکستان کسان اتحاد کو بھی ملک میں کپاس کی زیادہ سے زیادہ کاشت کے لیے اعتماد میں لیا جائے گا۔ گزشتہ حکومت کی پالیسیوں، جن میں ٹیکسٹائل صنعت کی ملکی ویلیو چین سے ایکسپورٹ فیسلیٹیشن اسکیم کا خاتمہ بھی شامل ہے، کے نتیجے میں کئی صنعتی یونٹس 50 فیصد سے بھی کم صلاحیت پر کام کر رہے ہیں اور بندش کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ اب تک تقریباً 120 سپننگ ملیں اور 800 جننگ فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کی پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملکی ویلیو ایڈڈ چین کے لیے ایکسپورٹ فیسلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) کی بحالی ضروری ہے، کیونکہ اس سے بند شدہ یونٹس دوبارہ فعال ہو سکیں گے۔ اے پی ٹی ایم اے کے چیئرمین کامران ارشد نے کہا کہ ایکسپورٹ فیسلیٹیشن اسکیم میں سیلز ٹیکس کی عدم مساوات نے مقامی کپاس کی افادیت کو مزید متاثر کیا ہے، جبکہ کپاس کی پیداوار تاریخی کمی کے ساتھ صرف 50 لاکھ گانٹھوں تک محدود ہو چکی ہے اور اس میں مزید کمی کا خدشہ ہے۔
اہم خبریں سے مزید