لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )گورنرہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کا مشاورتی اجلاس ‘پانی کی تقسیم‘زراعت ‘ بلدیاتی انتخابات سمیت پاورشیئرنگ کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال اور ملکی حالات کے پیش نظر ساتھ چلنے پر اتفاق کیا گیا۔ پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے سیکریٹری جنرل حسن مرتضیٰ کا کہناہے کہ ملکی حالات کے پیش نظر ساتھ چلنے پر اتفاق ہواہے ‘اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہاکہ سندھ کا حق ہے کہ وہ اپنے پانی کی حفاظت کرے‘سندھ کے تحفظات دورہونے چاہئیں‘وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کاکہنا ہے کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ کوئی صوبہ دوسرے صوبے کے پانی پر ڈاکہ ڈالے‘ گورنر خیبر پختونخوافیصل کریم کنڈی کے مطابق نہروں کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی )میں حل ہوگا‘ غیر ضروری بیانات سے گریز کیاجائے جبکہ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہاہے کہ معاملات اتفاق رائے سے حل کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس لاہورمیں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے رانا ثنااللہ، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب شریک ہوئیں جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر ، ندیم افضل چن، حسن مرتضیٰ اور علی حیدرگیلانی نے شرکت کی۔ کوآرڈینیشن کمیٹی نے پنجاب میں پاور شیئرنگ کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جبکہ سب کمیٹی کی ملاقاتوں میں ہونے والے فیصلوں پر مشاورت کی۔ بعد ازاںملک احمد خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران حسن مرتضیٰ نے اسمبلی میں پیش کیے گئے بلدیاتی بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی حالات کے پیش نظر ساتھ چلنے پر اتفاق ہوا، امید ہے کہ ہم مزید آگے بڑھیں گے جبکہ اجلاس میں زراعت اور گندم سے متعلق بات ہوئی اور گورننس سے متعلق تحفظات بھی رکھے۔