راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)محکمہ صحت کی آؤٹ سورسنگ کے خلاف احتجاج کے باعث ضلع راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم متاثر ہوئی ۔ راولپنڈی،گوجرخان،کلر سیداں اور کہوٹہ کے متعدد علاقوں میں بچوں کو قطرے نہیں پلائے جاسکے۔ سینٹری پٹرول،ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس سٹاف نے محکمہ صحت کی نجکاری کے خلاف احتجاجا کام بند کردیا تھا۔احتجاجی ملازمین کا اجلاس شام کو ڈپٹی کمشنر آفس کے قریب جناح پارک راولپنڈی میں ہوا جس میں کہا گیا کہ ملازمتیں غیر یقینی کا شکار ہو گئی ہیں۔ نہ تو تنخواہیں بروقت دی جا رہی ہیں اور نہ ہی کسی قسم کا گولڈن ہینڈ شیک یا مالی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ متعدد ورکرز کو بغیر کسی وجہ کے ملازمت سے نکال دیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ذرائع کے مطابق ایمرجنسی میں تین ہزار ورکرز کا دوسرے سرکاری محکموں سے بندوبست کیا گیا ہے۔ادھر انسداد پولیو پروگرام پنجاب کے مطابق انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی ہے۔