اسلام آباد (ایجنسیاں)سینیٹ میں بھی متنازع کینالز کے معاملے کی گونج ‘پی ٹی آئی کا شدید احتجاج ‘شورشرابہ ‘پانی چور نامنظور‘ پیپلزپارٹی کی منافقت نامنظور کے نعرے‘ایوان مچھلی بازار بن گیا‘سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے چیئرمین ڈائس کے سامنے دھرنا دے دیا ‘ان کے ساتھ پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے سینیٹرز نے بھی دھرنا دے دیا‘کینالز معاملے پر پیپلزپارٹی نے بھی احتجاج اورایوان سے واک آؤٹ کیاجبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے صدرایمل ولی خان نے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ آپ میں بات سننے کی ہمت نہیں تو ایسی قانون سازی نہیں چل سکتی۔ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑکا کہناتھاکہ کینالز کے معاملے پر قانون اور آئین کے مطابق بیٹھ کر بات ہوگی‘سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کینالز کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا رویہ بڑا منافقانہ ہے‘فلک ناز چترالی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست وڑگئی۔تفصیلات کے مطابق منگل کو سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں نےکینالزکے معاملے پر شدید احتجاج اور شور شرابا کیا‘وزیر قانون کی تقریر کے دوران شدید نعرے بازی کی جاتی رہی‘اپوزیشن نے نکتہ اعتراض پر وقت نہ دینے پر بھی احتجاج کیا۔پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے پیپلزپارٹی کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور پیپلزپارٹی کی سیاست کو منافقت پر مبنی قرار دینے والے نعرے لگائے گئے‘اجلاس میں اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کی، جس پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر شہادت اعوان کو کورم کی نشاندہی کا حکم دیا، بعدازاں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کورم پورا ہے۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کینالز کے معاملے پر قانون اور آئین کے مطابق بیٹھ کر بات ہوگی، رانا ثنااللہ وزیراعظم کی ہدایت پر حکومت سندھ اور پیپلزپارٹی سے رابطے میں ہیں‘ احتجاج کے بجائے بات چیت کریں‘اس سلسلے میں کثیر جماعتی مشاورت کی تجویز بھی زیرغور ہے‘ اس معاملے پر کوئی چیز بلڈوز نہیں ہورہی ہے۔