کراچی(نیوز ڈیسک)وفاقی اردو یونیورسٹی میں پینشن، تنخواہوں اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کا دائرہ وسیع ہو گیا۔ انسانی حقوق کمیشن، انجمن اساتذہ کراچی یونیورسٹی، کراچی یونین آف جرنلسٹس، سول سوسائٹی، صحافیوں، دانشوروں، خواتین نمائندوں اورشہر کے ممتاز ماہرین تعلیم، دانشوروں اور محققین نے صدر پاکستان اور یونیورسٹی کے چانسلر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر یونیورسٹی سینیٹ کا اجلاس طلب کیا جائے اور وائس چانسلر کا احتساب کیا جائے۔کراچی پریس کلب کے تاریخی ابراہیم جلیس ہال میں منعقدہ ہونے والے خصوصی اجلاس کی صدارت ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین اسد اقبال بٹ نے کی۔ اجلاس سے یونیورسٹی کے سابق ٹریژرار اور نامزدد کنندہ کمیٹی کے منتخب رکن اقبال حسین نقوی،،ڈاکٹر سید جعفر ،پروفیسر ڈاکٹر سید اصغر علی ، پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد طاہری اور دیگر مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر سید جعفر احمد، مظہر عباس، زیبسٹ کے ڈاکٹر ریاض شیخ، کراچی یونیورسٹی کی انجمن اساتذہ کے پروفیسر ڈاکٹر زاہد، اردو یونیورسٹی کی سینیٹ کی رکن مہناز رحمان، انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس کے جنرل سیکریٹری روشن علی سومرو اور معروف اساتذہ رہنما اور نیشنل کالج کے سابق پرنسپل پروفیسر انیس زیدی شامل تھے۔