• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمہ کمیٹی داخلہ، پاکستان سٹیزن شپ ایکٹ ترمیمی بل 2024 منظور

اسلام آباد(ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے پاکستان سٹیزن شپ ایکٹ ترمیمی بل 2024منظور کر لیا ہے۔اب کسی بھی اوورسیز کو پاکستان شہریت چھوڑنی نہیں پڑے گی ، قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین راجہ خرم نواز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی لیڈر زرتاج گل وزیر نے انسانی اسمگلنگ پر تفصیلی بریفنگ اور پاسپورٹ اتھارٹی بنانے کی تجویز پر زور دیا ،ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی نے کہا کہ 22 ممالک کے ساتھ پاکستان کے دوہری شہریت کے معاہدے نہیں تھے، ان ممالک کے ساتھ پاکستان کے معاہدے ہو چکے ہیں جس کے بعد پاکستانی شہریوں کو دہری شہریت میں پاکستانی شہریت چھوڑنی نہیں پڑے گی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 250 ملین کا فنڈ رکھا گیا۔رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے صاحب غلط بیانی کر رہے ہیں، کسی بھی حلقے میں کام شروع نہیں ہوا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نے بتایا کہ اسلحہ لائسنس تمام صوبے بنا رہے ہیں، ایم این ایز کو ایک لائسنس وزیراعظم کی منظوری سے دیں گے، طلال چوہدری نے کہا سعودی عرب اور یو اے ای نے بھکاریوں کی شکایت کی ہے، ہم ان لوگوں کو واپسی پر سزا دینے کے لیے قانون بھی لا رہے ہیں۔ آغا رفیع اللہ نے کہا ایف آئی اے کے لوگ کتنے دوہری شہریت رکھتے ہیں وہ چیک کیا جائے۔

ملک بھر سے سے مزید