بریڈفورڈ کے علاقے شیپلی میں ایک 43 سالہ شخص کی پُر اسرار موت نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد کو قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا جبکہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے۔
منگل 22 اپریل کی صبح 9 بج کر 29 منٹ پر پولیس کو اسٹیڈ اسٹریٹ، شیپلی میں ایک رہائشی مکان سے ایک شخص کے حوالے سے تشویش ناک اطلاع موصول ہوئی۔
پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی جہاں ایک 43 سالہ مرد کو مردہ حالت میں پایا گیا۔
پولیس نے جائے وقوع کو فوراً گھیرے میں لے لیا اور ابتدائی شواہد اکٹھے کیے، شواہد کی روشنی میں پولیس نے 65 سالہ مرد اور 54 سالہ خاتون کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
دونوں افراد پر قتل کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے اور وہ اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس بارے میں مزید تفصیلات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔
متوفی کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اور گرفتار کیے گئے افراد کے درمیان تعلقات کی نوعیت بھی جانچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ادھر مقامی آبادی اس واقعے پر شدید پریشان ہے اور علاقے میں خوف کا ماحول پایا جاتا ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے کے حوالے سے کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر مقامی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔