پیرس( رضا چوہدری /نمائندہ جنگ )فرانس میں پاکستان کے سفارتخانے نے پیرس میں یوم پاکستان کے استقبالیہ کی میزبانی کی جس میں فرانسیسی حکومت کے عہدیداروں، منتخب عہدیداروں، فوجی اہلکاروں، ماہرین تعلیم، تاجروں اور میڈیا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پیرس میں مقیم بین الاقوامی اداروں بشمول یونیسکو اور او ای سی ڈی کے سینئر حکام اور فرانس میں مقیم سفارتی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے بھی تقریب میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز پاکستان اور فرانس کے قومی ترانوں سے ہوا اور ایک دستاویزی فلم جس میں پاکستان کے ورثے، ثقافت، کھانوں، فنون اور دستکاری کو دکھایا گیا تھا۔ سفیر اور معزز مہمانوں نے یوم پاکستان کا خصوصی کیک کاٹا۔سینیٹ میں خارجہ امور، دفاع اور مسلح افواج کے کمیشن کے نائب صدر سینیٹر راشد تیمل اور فرانس پاکستان فرینڈ شپ گروپ کے رکن اور سفیر ڈیوڈ برٹولوٹی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل وزارت یورپ و خارجہ امور نے مہمانوں سے خطاب کیا۔