معروف میزبان اور اداکارہ ندا یاسر نے اپنے مارننگ شو کے دوران انمول بلوچ کی شادی سے متعلق جھوٹی خبریں شیئر کرنے پر آن ایئر معافی مانگ لی۔
خیال رہے کہ ندا یاسر نے اسپیشل عیدالفطر ٹرانسمیشن کے دوران انمول بلوچ کی شادی کا دعویٰ کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔
اب حال ہی میں انہوں نے اپنے شو کے دوران اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور کہا کہ مجھے ایسا بیان دینے سے پہلے معلومات کی تصدیق کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ شوبز کی ایک شخصیت نے اداکارہ (انمول بلوچ) کی شادی کا غیر رسمی طور پر مجھ سے ذکر کیا تھا اور وہ معلومات میرے ذہن میں تھیں، جو انہوں نے عید کے شو کے دوران شیئر کی تھیں۔
یاد رہے کہ گلوکار فلک شبیر اور اداکارہ سارہ خان عید شو میں بطور مہمان شریک تھے، دورانِ گفتگو انہوں نے حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے تمام نوبیاہتا جوڑوں کو نام لے کر مبارک باد دی تھی، جن میں انمول بلوچ کا نام بھی شامل تھا۔
ندا یاسر کی مبارک باد کے بعد انمول بلوچ کی خفیہ شادی کرنے کی افواہیں گردش کرنے لگیں، تاہم اداکارہ نے سوشل میڈیا پر وضاحت جاری کرتے ہوئے ایسی تمام افواہوں کی تردید کی اور واضح طور پر کہا کہ وہ شادی شدہ نہیں ہیں۔
ندا یاسر نے اب اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر تصدیق کے کسی کی ذاتی زندگی کے بارے میں اعلانات کرنا خاص طور پر خاتون کی شادی کے حوالے سے نامناسب ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کی غلطیاں بعد میں غیر ضروری قیاس آرائیوں اور نجی مسائل کا باعث بن سکتی ہیں۔