• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالیہ اقدامات سے بھارت اندرونی و عالمی سطح پر تنہا ہوگا، بلاول بھٹو

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حالیہ اقدامات سے بھارت اندرونی اور بین الاقوامی طور پر تنہا ہوگا ، وفاقی حکومت نے نہروں کے معاملے پر نہایت ہی مناسب فیصلہ لیا،سابق سفیر حسین حقانی نے کہا کہ باقی دنیا کا رویہ ہے کہ تم لوگوں کو ہر دو چار سال بعد اس طرح کا دورہ پڑتا ہے اور ہم کو سنبھالنے کے لیے آنا پڑتا ہے۔ ٹرمپ دوسرے ممالک کے معاملات میں امریکہ کے کردار کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ خاص طور پر اس میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ مجھے ایسا ہوتا نظر نہیں آرہا کہ امریکہ دونوں ممالک کو فون کرے اور کہے بھائی ٹھنڈے ہوجاؤ اگر ایسا ہوا تو کسی تیسرے فریق کو ڈھونڈنا پڑے گا جیسے ترکی، سعودی عرب وغیرہ وغیرہ جس کے دونوں سے اچھے تعلقات ہیں،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے پر امریکا نے بھارت کے ساتھ کھڑے ہونے کا اپنا موقف دہرایا اور مقبوضہ کشمیر پر پوزیشن لینے سے گریز کیا۔چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کل ہمیں سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بریف کیا بھارت نے پاکستان کے خلاف جو اقدامات کیے ہم نے ان کی مذمت کی ہے۔ کشمیر میں دہشتگردی ہو تو اسے دیکھنے سے پہلے ہی پاکستان پر الزام لگا دیتے ہیں۔ بھارت دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ ہمارے خطے میں مغربی ممالک کے اپنے مفادات ہیں۔ اگر بھارت دہشت گردی ختم کرنا چاہتا ہے تو اسحاق ڈار کی دعوت پر مذاکرات کرتا۔ جعفر ایکسپریس واقعہ کی بھارت مذمت نہیں کرتا۔ حالیہ اقدامات سے بھارت اندرونی اور بین الاقوامی طور پر تنہا ہوگا ۔ مودی پہلی بار جیتے تو یہ غلط فہمی تھی کہ شاید حالات بہتر کرلیں گے۔ وفاقی حکومت نے نہروں کے معاملے پر نہایت ہی مناسب فیصلہ لیا۔ سی سی آئی میں اتفاق رائے پیدا کیے بغیر کوئی نئی نہر نہیں بنائی جائے گی۔ کل جو باتیں طے ہوئی ہیں اس کی سی سی آئی کے اجلاس میں منظوری لی جائے گی۔ وزیراعظم نے جو کیا وہ بڑی بات ہے وہ اس سے زیادہ کر نہیں سکتے تھے۔ کل وزیراعظم سے ملاقات ہوئی اور سب سے پہلے نیشنل سیکورٹی کمیٹی میں جو فیصلے لیے گئے تھے اس کے بارے میں وزیر خارجہ نے بریف کیا وزیراعظم نے بھی بات کی حکومت نے جو اقدامات اٹھائے ہیں پیپلز پارٹی نے بھی اس کو انڈوز کیا ہے۔ بھارت نے جو یکطرفہ فیصلے لیے ہیں ان کی ہم نے مذمت کی۔

اہم خبریں سے مزید