• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد اور انٹر بورڈ کراچی میں چیئرمین کی اسامیاں پھر مشتہر ہونگی، چیف سیکرٹری

کراچی(سید محمد عسکری) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اور حیدرآباد تعلیمی بورڈ میں چیئرمین کے آسامیاں دوبارہ مشتہر کی جائیں گی اور تلاش کمیٹی کی جانب سے انتخاب کردہ اضافی امیدواروں کو چیرمین مقرر نہیں کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری سندھ سید حیدر شاہ نے جنگ کو بتایا کہ کراچی اور حیدرآباد بورڈز میں قائم مقام چئیرمین اسی لیے مقرر کیئے گئے ہیں کہ ان دونوں بورڈز میں مستقل چیرمین کی اسامیاں جلد ہی دوبارہ مشتہر کی جائیں گی۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے ایک اعلی افسر نے جنگ کو بتایا کہ تلاش کمیٹی کی جانب سے اتنخاب کردہ اضافی امیدواروں کو چیئرمین اس لیے مقرر نہیں کیا گیا کراچی اور حیدرآباد بورڈز کا شمار سندھ کے بہترین تعلیمی بورڈز میں ہوتا ہے اور یہ بات مناسب نہیں کہ کم نمبرز کے حامل اضافی امیدوار ان دونوں بورڈز میں لگائے جائیں اگر ایسا ہوا تو معاملہ عدالت میں بھی جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ سندھ کے تین تعلیمی بورڈز میں چئیرمین تعینات نہیں ہوسکے۔ سکھر تعلیمی بورڈ میں چیرمین کی تعیناتی کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے جب کہ انٹر بورڈ کراچی میں پہلے 59 نمبر حاصل کرنے والے ریٹائرڈ بریگیڈیئر وسیم احمد کو چئیرمین مقرر کرنے کی سفارش کی گئی تھی تاہم ان کے منع کرنے پر پھر گریڈ 21 کے ریٹائرڈ بیوروکریٹ محمد مصباح تنہیو کو انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کا چئیرمین مقرر کرنے کیا گیا انہیں تلاش کمیٹی نے 58.50 نمبر دیئے تھے لیکن انھوں نے بھی منع کردیا تھا جب کہ حیدرآباد تعلیمی بورڈ میں رفیق احمد چانڈیو کو چئیرمین مقرر کیا گیا انھوں نے جوائنگ بھی دی مگر پھر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے غلطی سے چیرمین کے عہدے کا چارج سنبھال لیا تھا انھوں نے سب سے زیادہ 59.40 نمبر حاصل کیئے تھے۔ تلاش کمیٹی کے انتخاب کردہ اضافی پینل میں اگلا نمبر فقیر محمد لاکھو کا تھا جو اس وقت کراچی میں ریجنل ڈائریکٹر کالجز کے عہدے پر تعینات ہیں انھوں نے 55.80 نمبر حاصل کیئے اس کے بعد ڈاکٹر شجاع نے 55.80، کرنل ریٹائرڈ سید محمد علمدار رضا نے 55.40، ڈاکٹر ذوالفقار علی میمن نے 53.20، عابد علی مغل نے 52، سید ذولفقار علی شاہ نے 51.25، قاضی عارف علی نے 51، جاوید علی میمن نے 50.67, علی گوہر چانگ اور پیر سہیل احمد سرھندی نے مشترکہ طور 50 نمبر حاصل کیے تھے۔
اہم خبریں سے مزید