اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہاہے کہ سندھ طاس معاہدے کے معطل کرنے کے حوالے سے بھارت کا بیان بچگانہ، احمقانہ اور غیر قانونی ہے ، 1 کروڑ 80 لاکھ صارفین کو 56 فیصد تک سستی بجلی فراہم کر رہے ہیں، انہوں نے بجلی صارفین کو بڑی خبر سنادی اورکہا ہر صارف خود بل بنوا سکے گا۔ رواں سال کمپنیوں نے 160 ارب روپے کی بچت کی ہے، ایک سے 2 ہفتے کے اندر میٹر ریڈر سے آپ کو آزاد کرنے جا رہے ہیں ، ہر صارف اپنے فون سے میٹر کی تصویر بنا کر کر ایس ڈی او کو بھیج کر بل بنوا سکے گا۔ غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے دوسرے کانووکیشن اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا بھارت کے حوالے سے پاکستان کا موقف دوٹوک اور واضح ہے سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کا پانی کے ایک ایک قطرے پر بنیادی حق ہے۔