کراچی (اسٹاف رپورٹر)ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی 17سال سے حکومت کررہی ہے لیکن کراچی کے عوام کے مسائل حل اور شہریوں کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے،پیپلزپارٹی کو اپنی کراچی دشمنی ترک اور وڈیرانہ و جاگیردارانہ ذہنیت سے باہرنکلناہوگا ،ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کو کراچی کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں لیکن وزارتوں اور مراعات کے حصول میں ایک ہیں،جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاری رہے گی،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت و محکمہ پولیس کی نااہلی کے باعث شہر میں مسلح ڈکیتی واسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،پولیس شہریوں کو ڈاکوؤں سے تحفظ دینے اور ہیوی ٹریفک کو روکنے کے بجائے مبینہ موٹر سائیکل سوار وں کو روکنے اور مال بنانے میں لگی ہوئی ہے،باعزت ٹرانسپورٹ نہ ہونے سے شہری چنگ چی رکشوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔