ملتان (سٹاف رپورٹر) ہائر ایجوکیشن ڈیپار ٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام گورنمنٹ گریجو یٹ کالج فار ویمن چونگی نمبر14ملتان میں پرنسپلز اور ایڈمنسٹریٹو اسٹاف کی کیپیسٹی بلڈنگ کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں ضلع ملتان کے تمام پرنسپلز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز ملتان طاہر سلطان اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ملتان احمر رؤف نے تربیتی سرگرمیوں کی نگرانی اور انتظامات کی نگرانی کی۔تقریب کے اختتامی سیشن میں سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب سرفراز احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ان کے ہمراہ سیکشن آفیسر عامر ملک بھی موجود تھے۔ سپیشل سیکرٹری نے ورکشاپ کے انعقاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری کے لیے مؤثر قیادت اور مضبوط ایڈمنسٹریشن ناگزیر ہے۔