• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت بھارت پر انحصار نہیں کرتی، تجارت پہلے ہی بند، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ʼʼکیپٹل ٹاکʼʼ میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت کا دل اس کے جغرافیے کا چوتھائی بھی ہوتا تو خطے کے حالات مختلف ہوتے۔ پاکستان کی معیشت بھارت پر انحصار نہیں کرتی اور تجارت پہلے ہی بند تھی البتہ ایسی کشیدگی کا اثر ہر معیشت پر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی معیشت عالمی نظام سے زیادہ مربوط ہے جبکہ پاکستان اس وقت داخلی اصلاحات پر توجہ دے رہا ہے۔ʼʼاُڑان پاکستانʼʼ کا ایک اہم جز ʼʼگرین پاکستانʼʼ ہے۔ اگر پاکستان کا موازنہ ماضی سے کیا جائے تو ہم نے نمایاں ترقی کی ہے لیکن عالمی سطح پر پیچھے ہیں کیونکہ دنیا میں ترقی کے لیے امن، سیاسی تسلسل، پالیسیوں میں استحکام اور مسلسل اصلاحات ضروری ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوان ہے دنیا تیزی سے ڈیجیٹل انقلاب میں داخل ہو چکی ہے اور ہمیں مشین لرننگ جیسے جدید شعبوں کے مطابق اپنے اداروں کو ڈھالنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ʼʼٹیکنو اکنامیʼʼ کے وژن کے تحت سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ میں سرمایہ کاری کو معیشت سے جوڑنے کا منصوبہ بنایا ہے اور انٹرنیٹ اس کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
اہم خبریں سے مزید