• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویمن ایمپاور منٹ مراکز سے مستفید ہونیوالی خواتین کی تعداد کو دگنا کیاجائیگا، عمران شاہ

اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ وویمن ایمپاور منٹ مراکز سے مستفید ہونیوالی خواتین کی تعداد کو دگنا کیاجائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان بیت المال کے ایم ڈی سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ نے ملاقات میں کیا ، ملاقات میں وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان میں جاری اور آئندہ کے ترقیاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے بلوچستان کے ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان مراکز میں روایتی مہارتوں جیسے سلائی کڑھائی کی بجائے آئی ٹی سے متعلقہ تربیت کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک ) کے اشتراک سے پروگرام کی ڈیجیٹلائزیشن کی ہدایت کی تاکہ خواتین کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کی جا سکیںوفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ ان مراکز سے مستفید ہونے والی خواتین کی تعداد کو دگنا کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود سے مشاورت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کو باقاعدہ شکل دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ایک باصلاحیت، پراعتماد اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے والی خواتین کی ورک فورس تیار کرنا ہے۔ مزید وفاقی وزیر نے مستحق افراد کے لیے میڈیکل امداد کے دائرہ کار کو بڑھانے اور بلوچستان کے طلبہ کے لیے یونیورسٹی سکالرشپس میں نمایاں اضافہ کرنے کی ہدایت بھی دی تاکہ اعلیٰ تعلیم تک رسائی بہتر بنائی جا سکے، وفاقی وزیر نے مئی کے دوسرے ہفتے میں بلوچستان یونیورسٹی کے دورے کا اعلان بھی کیا، جہاں وہ طلبہ سے ملاقات اور منصوبوں کا زمینی جائزہ لیں گے۔ انہوں نے حکومت کے شمولیتی اور ہدفی ترقیاتی وژن کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی خوشحالی کی ضامن ہے اور ہم اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔
اسلام آباد سے مزید