• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ ان کی چوائس ہے تو آگے کہاں جانا ہے، یہ ہم بتائیں گے، فوجی ترجمان۔ ایٹمی ہتھیار آخری آپشن، وزیر خارجہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی کے تمام اقدامات مکمل کرلیے ہیں ‘پاکستان کی سلامتی وخودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کیلئے تیار ہیں‘ بھارت نے فوجی راستہ چنا تو یہ ان کی چوائس ہے‘ آگے معاملہ کہاں جاتا ہے وہ ہماری چوائس ہوگی‘ ہم بار بار بتا رہے ہیں ہم تیار ہیں ہمیں آزمانا نہیںجبکہ نائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ اسحاق ڈارکا کہنا ہے کہ ہماراپہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں‘پاکستان کشیدگی بڑھانے میں پہل نہیں کرے گا، تاہم اگر بھارت نے کوئی کارروائی کی تو بھرپور جواب دیں گے‘ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال آخری آپشن ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کی سلامتی، خود مختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کیلئے تیار ہیں، دہشت گردی کے واقعات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا بھارت کا وتیرہ ہے، بھارت پچاس سال سے اسی ڈگر پر چل رہا ہے، پاکستان پر الزام لگاؤ، کریڈٹ لو اور الیکشن جیتو، یہ ہی ان کا مقصد ہے ، پہلگام واقعہ پر استعمال ہونے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس جعفرایکسپریس حملے میں بھی استعمال ہوئے، الزام تراشی کے بجائے بھارتی حکومت کو سوالوں کے جواب دینا ہوں گے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ پہلگام واقعے کی جگہ ایل او سی سے 230 کلومیٹر دور ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ دس منٹ کے اندر اتنے دشوار گزار راستے سے کوئی پہنچ جائے‘کہا جارہا ہےکہ ہندوؤں پر فائرنگ کی گئی‘بھارت کی جانب سے یہ بیانیہ کیوں چلایا جا رہا ہے؟بھارتی الزامات واقعےکے چند منٹ بعد ہی سامنے آنا شروع ہوگئے‘جعفر ایکسپریس واقعے پر بھی بھارت کے اسی اکاؤنٹ سے پہلے بیان آیا، اس اکاؤنٹ سے پہلے بتایا جاتا ہےکہ چند گھنٹے میں حملہ ہوگا، بتایا جاتا ہےکہ حملہ کب اورکہاں ہوگا‘یہ وہ سوالات ہیں جس پر ہم غور کر رہے ہیں اور دنیا غور کر رہی ہے‘بھارت کی جیلوں میں سیکڑوں پاکستانی غیرقانونی قید ہیں، بھارت ان قید پاکستانیوں کو جعلی مقابلوں میں استعمال کر رہا ہے‘ بھارت خود ایک دہشت گرد ریاست ہے‘پہلگام واقعہ کے فوری بعد ایف آئی آر کے اندراج اور مندرجات نے سوالات پیدا کر دیئے ،جائے وقوعہ سے پولیس سٹیشن پہنچنے کیلئے کم از کم 30 منٹ کا سفر ہے، 10 منٹ میں کیسے ممکن ہے کہ کوئی ایف آئی آر درج کرا دے‘بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔اس موقع پر سینیٹر محمد اسحاق ڈار کاکہناتھاکہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے غیر ذمہ دارانہ و جارحانہ رویے اور اقدامات سے پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہوا، کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید