اسلام آباد(نمائندہ جنگ )صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی اور پہلگام حملے کے بعد بھارت کے ساتھ کشیدگی کے پیش نظر موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ عالمی برادری دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے پاکستان میں عسکریت پسندوں کو فنڈنگ‘ تربیت اور بھیجنے میں بھارت کے ملوث ہونے کا نوٹس لے‘پاکستان ملک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا‘دونوں رہنمائوں نے بھارت کے جارحانہ رویہ اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارتی رویے سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے‘ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا‘پاکستانی قوم متحد ہے ، اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ افواج پاکستان کسی بھی خطرے یا جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ملاقات میں پہلگام حملے کے حوالے سے بھارتی قیادت کی جانب سے بغیر کسی تحقیقات کے لگائے گئے الزامات پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔