• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلگام حملہ، غیرجانبدار عالمی تحقیقات میں ترکیہ کی شمولیت کا خیرمقدم کریں گے، وزیراعظم، پاکستانی موقف کے حامی، ترکیہ، سوئٹزر لینڈ کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، جنگ نیوز ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ کے بعدبھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے باوجود پاکستان کا ردعمل ذمہ دارانہ رہا ہے، غیر جانبدار عالمی تحقیقات میں ترکیہ کی شمولیت کا خیر مقدم کرینگے، وزیراعظم سے ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیرولو نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی ، اس موقع پر ترک سفیر نے کہا کہ ترکیہ پاکستانی موقف کا حامی ہے ، ترک سفیر نے پاکستان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے موجودہ بحران میں تحمل سے کام لینے پر زور دیا، وزیراعظم شہباز نے صدر ایردوان کا جنوبی ایشیا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کی حمایت کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے مطالبے پر ان کا شکریہ ادا کیا، دوسری جانب سوئٹزرلینڈ نے پہلگام واقعے کی تحقیقات میں تعاون کی خواہش کا اظہار کردیا، یونان نے بھی پہلگام واقعے کی آزاد اور شفاف تحقیقات کے لیے پاکستان کی تجویز کا اعادہ کیا ہے۔ سربراہ خارجہ امور یورپی یونین کاجا کلاس نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے میں دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، اور صورتحال میں بہتری کے لئے بات چیت آگے بڑھائیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یونان اور سوئٹزرلینڈ کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، اسحاق ڈار نے بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز پروپیگنڈے کو مسترد کیا اور سندھ طاس معاہدے کو روکنے کے بھارتی فیصلے پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ سوئس وزیر خارجہ نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کے لیے پاکستان کی آمادگی کو سراہا اور تحقیقات میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔یونانی وزیر خارجہ نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کسی بھی قسم کا ثبوت دینے میں ناکام رہا ہے اور وہ پاکستان کو پہلگام واقعہ سے جوڑنے کی سازش کر رہا ہے،ترکیہ کی جانب سے جنوبی ایشیا میں امن و امان کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کی حمایت کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے مطالبے پر صدررجب طیب ایردوان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیرولو نے ہفتہ کو وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر رجب طیب ایردوان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور 22 اپریل 2025 کو اپنے حالیہ دورہ انقرہ کا ذکر کیا جہاں پر دونوں رہنماؤں نے متعدد شعبوں میں پاک ترک تعلقات کو آگے بڑھانے پر گفتگو کی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے ترکیہ کی حمایت دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔

اہم خبریں سے مزید