راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انتظامیہ کی طرف سے تمام تر دعوئوں کے باوجود راولپنڈی کے بیشتر علاقوں میں آج بھی تجاوزات کے باعث لوگوں کی زندگی مشکل بنی ہوئی ہے۔ سڑکوں پر بے ڈھنگی پارکنگ اور بیشتر علاقوں میں فٹ پاتھ پر قبضے کی وجہ سے پیدل بھی نہیں چلا جاتا لیکن میونسپل کارپوریشن کی انتظامیہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے دعوئوں پر بضد ہے۔ جامع مسجد روڈ کے ایک حصے پر آج بھی پرانے جوتے اور کپڑے فروخت کرنے والے سڑک پر براجمان ہیں تو دوسری طرف سبزی فروٹ اور دیگر اشیاء فروخت کرنے والوں کی اجارہ داری ہے، اسی طرح گلاس فیکٹری روڈ چاہ سلطان کے علاقے میں بھی تجاوزات مافیا چھایا ہوا ہے، سٹی صدر روڈ، سرکلر روڈ، اقبال روڈ، گنج منڈی، نرنکاری بازار سمیت گرد ونواح کے بازاروں میں بھی دن بھر ہر طرح کی تجاوزات رہتی ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ جہاں کہیں تجاوزات کیخلاف کارروئیاں ہو رہی ہیں وہاں بھی پسند وناپسند کا خیال رکھا جاتا ہے جس کی ایک مثال جامع مسجد روڈ اور چاہ سلطان کے علاقے ہیں جہاں منظور نظر سڑک پر بیٹھ کر دکانداری کرتے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلٰی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ شہر کو تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات سے پاک کرنے کیلئے میونسپل کارپوریشن میں عرصہ دراز سے مخصوص سیٹوں پر تعینات مخصوص لوگوں کو تبدیل کر کے اچھی شہرت کے حامل عملے کو تعینات کیا جائے۔