راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) پاکستان کے زیادہ تر لوگ نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہیں جس کی بنیادی وجہ ناانصافی، بیروزگاری، خراب معیشت، دہشت گردی اور عدم تحفظ ہے۔ حکومت اور اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سابق صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے وتیم میڈیکل کالج، پاکستان ایسوسی ایشن آف سوشل سائیکیٹری، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز، ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد اور پاکستان سائیکلوجیکل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پانچویں قومی کانفرنس برائے سوشل سائیکیٹری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سائیکیٹرس پروفیسر ڈاکٹر مظہر ملک‘ پروفیسر میاں عبدالرشید‘ پروفیسر واجد علی اخونزادہ اور دیگر نے دہشت گردی اور انکے مسائل کے حوالے سے لیکچر دیا۔ وائس چانسلر ہیلتھ اکیڈمی اسلام آباد پروفیسر شہزاد علی خان، پرنسپل وتیم ڈینٹل کالج راولپنڈی پروفیسر گلزار علی بخاری، پروفیسر خالد مفتی، ڈاکٹر منظور، ڈاکٹر اجمل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے شرکاء میں شیلڈ تقسیم کیں اور سٹالز کا معائنہ بھی کیا۔