• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرفان کی اونچی اڑان، قلندرز کے چھکے چھڑا دیئے، کراچی کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ ٹین میں عرفان خان نیازی اور محمد نبی نے دس گیندوں پر شاہین آفریدی اور حارث کو پانچ چھکے مارتے ہوئے کراچی کو ہارا ہوا میچ جتوا دیا۔ عرفان نے اونچی اڑان بھرتے ہوئے 21گیندوں پر48ناقابل شکست رنز بنائے جس میں پانچ چھکے اوردو چوکے شامل تھے۔ لاہور قلندرز نے ہوم گرائونڈ پر اپنے شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی لیکن خراب بولنگ کی وجہ سے جیت ممکن نہ ہوسکی۔ کراچی کنگز نے میچ چار وکٹ سے جیت کر چھکے چھڑادیے ۔ دو صف اول کے فاسٹ بولروں نے چھ اوورز میں81رنز دیئے۔ آصف آفریدی نے26 رنز اوررشاد نے28رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ اتوار کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کراچی نے میچ تین گیندیں پہلے حاصل کرلیا۔ قلندرز نے 9میچوں کے بعد 9پوائنٹ حاصل کئے ہیں۔ اسے لاہور میں پہلی شکست ہوئی۔ کراچی نے8میچوں میں پانچویں کامیابی حاصل کی اس کے دس پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ وہ اوور تھا جب عرفان نیازی نے شاہین کے ایک اوور میں تین لگاتار چھکوں کی مدد سے21 رنز بنائے ۔ کراچی کو آخری دو اوورز میں جیت کیلئے27رنز کی ضرورت تھی۔ کپتان شاہین کے تین اوور زمیں41رنز بنے۔ حارث نے تین اوورز میں40 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ محمد نبی نے8 گیندوں پر15رنز بنائے۔ ڈیرل مچل نے 9رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ کراچی کنگز کے ڈیوڈ وارنر اور ٹم سائفرٹ نے تین اوورز میں 40رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔آصف آفریدی کے پہلے اوور میں20رنز بنے۔ حارث رئوف نے اپنی پہلی ہی گیند پر وارنر کو بولڈ کردیا۔ انہوں نے دو چھکوں اور دو چکوں کی مدد سے13 گیندوں پر24رنز کی اننگز کھیلی۔ آصف آفریدی نے اپنے دوسرے اوور میں ٹم سائفرٹ کو24 رنز پر آئوٹ کرادیا۔ جیمز ونس رشاد کی گیند پر13رنز بناکر کیچ ہوئے۔ سعد بیگ نے اعتماد سے بیٹنگ کرتے ہوئے نویں اوور میں اسکور کو ایک سو رنز پر پہنچا دیا۔ ڈیرل مچل نے سعد بیگ کی اہم وکٹ حاصل کی انہوں نے15 گیندوں پر25رنز بنائے۔ خوش دل شاہ حارث رئوف کو چھکا مارنے کے بعد اگلی گیند پر نو رنز بناکر کیچ ہو گئے۔ قبل ازیں لاہور قلندرز نے مقررہ15 اوورز میں 8وکٹ پر160رنز اسکور کئے۔ ڈک ورتھ لوئیس سسٹم کے تحت کراچی کو168رنز کا ہدف ملا۔ ایک موقع پر 121رنز پر ایک وکٹ گرا تھا لیکن پھر 39رنز پر7 وکٹ گر گئے۔ محمد نعیم کے بعد فخر زمان نے33 گیندوں پر51رنز بنائے جس میں تین چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ قلندرزنے 7اعشاریہ 5اوورز میں 1وکٹ پر 90رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی بارش کے بعد جب میچ شروع ہوا تو اسے 15,15 اوورز تک محدود کردیا تھا۔ محمد نعیم نے 29گیندوں پر 65رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی، انہوں نے فخر زمان کے ساتھ پہلی وکٹ پر 90رنز کی شراکت قائم کی، انہوں نے 5چھکے اور 6چوکے لگائے اور مسلسل دوسری نصف سنچری بنائی۔بارش کے بعد قلندرز کا چارج فخر زمان نے سنبھالا، دوسری جانب سے وکٹ گرتےرہے۔ عباس آفریدی نے اپنے آخری اوور میں بارہ رنز دیئے لیکن سکندر رضا اور فخر زمان کی وکٹیں حاصل کیں۔ عبداللہ شفیق11گیندوں پر18، ڈیرل مچل صفر، سیم بلنگز دو، سکندر رضا8، آصف علی دو اور شاہین آفریدی صفر پر آئوٹ ہوئے۔ عباس آفریدی نے27رنز کے عوض چار وکٹ حاصل کئے۔ حسن علی نے42رنز دے کر ایک وکٹ لی۔ محمد نبی نے37اور عامر جمال نے33رنز دیئے۔ میر حمزہ نے20رنز دے کر ایک وکٹ لی۔ (کھیلوں کی مزید خبریں صفحہ2پر)

اسپورٹس سے مزید